ممبئی: بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے خواتین کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے کے لیے دی گئی تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔ آئی سی سی کو اب 20 اگست کو میزبانی کے تعلق سے حتمی فیصلہ کرنا ہے۔
واضح رہے کہ ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 3 سے 20 اکتوبر کے درمیان کیھلا جانا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے کہا کہ 'انہوں نے (آئی سی سی) نے ہمیں ورلڈ کپ کی میزبانی کی تجویز دی تھی۔ لیکن میں نے صاف انکار کر دیا، کیونکہ کہ یہاں بارش کا موسم ہے اور اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ ہمیں اگلے سال ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کی میزبانی کرنی ہے۔ میں کسی کو غلط پیغام نہیں دینا چاہتا کہ ہم لگاتار دو ورلڈ کپ کی میزبانی کرنا چاہتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ بنگلہ دیش اس وقت حکومت مخالف پرتشدد احتجاج کی وجہ سے سکیورٹی چیلنجز سے نبرد آزما ہے اور یہی وجہ ہے کہ آئی سی سی بنگلہ دیش کے علاوہ دوسری جگہ پر میزبانی پر غور کر رہی ہے۔
بنگلہ دیش میں نئی عبوری حکومت ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنے کے لیے کوشش کر رہی ہے۔ لیکن انگلینڈ، آسٹریلیا اور بھارت سمیت کئی شریک ٹیموں کی حکومت کی جانب سے جاری کردہ سفری ایڈوائزری بی سی بی کے لیے سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔