میلبورن:ہندوستانی ٹینس کھلاڑی روہن بوپنا اور ان کے آسٹریلیائی پارٹنر میتھیو ایبڈن نے اپنی شاندار کارکردگی کو جاری رکھتے ہوئے بدھ کو آسٹریلین اوپن 2024 کے مردوں کے ڈبلز مقابلے کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی۔ہندوستان کے تجربہ کار ٹینس کھلاڑی نے شاندار کھیل کامظاہرہ کیا۔
بوپنا اور ایبڈن کی سیکنڈ سیڈ جوڑی نے آج یہاں کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں میکسیمو گونزالیز-اینڈریس مولٹینی کی چھٹی سیڈ ارجنٹینا کی جوڑی کو ایک گھنٹہ 46 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں 6-4، 7-6 سے شکست دی۔
بوپنا اور ایبڈن نے اپنے ابتدائی سروس گیمز کو برقرار رکھا اور پانچویں گیم میں گونزالیز کی سروس توڑ کر 3-2 کی برتری حاصل کی۔ ہند-آسٹریلیائی جوڑی نے آٹھویں گیم میں بریک پوائنٹ بچا کر پہلا سیٹ جیت لیا۔