لکھنؤ: ایرانی کپ 2024 میں ممبئی بمقابلہ ریسٹ آف انڈیا کے درمیان میچ کھیلا جا رہا ہے۔ اس میچ کے دوسرے ہی دن بنگلہ دیش کے دورے کے دوران ٹیم انڈیا سے ریلیز ہونے والے سرفراز خان نے ڈبل سنچری بنا کر سلیکٹر کو سخت جواب دیا ہے۔
اس میچ سے تین دن پہلے سرفراز خان کے چھوٹے بھائی مشیر خان اور ان کے والد پوروانچل ایکسپریس وے پر کار حادثے میں زخمی ہو گئے تھے۔ بعد ازاں ڈاکٹروں نے دونوں کی حالت خطرے سے باہر قرار دے دی۔
اس خطرناک حادثے کا صدمہ بھول کر سرفراز خان نے پوری ہمت کا مظاہرہ کیا ہے اور لکھنؤ کے ایکانا اسٹیڈیم میں میچ کے دوسرے دن ریسٹ آف انڈیا الیون کے خلاف ایرانی کپ میں شاندار ڈبل سنچری بنائی۔
سرفراز خان ممبئی کے پہلے بلے باز بن گئے اور مجموعی طور پر، باوقار ایرانی کپ میں ڈبل سنچری بنانے والے چوتھے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے۔ 26 سالہ نوجوان نے لکھنؤ میں ریسٹ آف انڈیا کے خلاف کھیل کے دوسرے دن 253 گیندوں پر 200 رنز بنا کر یہ سنگ میل عبور کیا۔
سرفراز کی عمر 26 سال اور 346 دن تھی جب انہوں نے اپنی ڈبل سنچری اسکور کی۔ اس سے پہلے ایسا کارنامہ سچن تنڈولکر، راہل ڈراوڈ، شیکھر دھون اور یشاسوی جیسوال انجام دے چکے ہیں۔سرفراز خان نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 14 نصف سنچریوں اور 15 سنچریاں بنائی ہیں۔