اردو

urdu

ETV Bharat / literature

گیا: مگدھ یونیورسٹی کے شعبہ اردو میں تعارفی نشست - Department of Urdu of University

مگدھ یونیورسٹی کے شعبہ اردو میں پی ایچ ڈی' اردو ' کورس ورک 2021 کے طلبہ کے لئے تعارفی نشست کا اہتمام ہوا۔ اس کا مقصد طلباء اور اساتذہ کے درمیان رابطہ قائم کرنا اور کورس ورک کے تعلق سےتفصیلی معلومات فراہم کرنا تھا۔

گیا: مگدھ یونیورسٹی کے شعبہ اردو میں تعارفی نشست کا اہتمام ہوا
گیا: مگدھ یونیورسٹی کے شعبہ اردو میں تعارفی نشست کا اہتمام ہوا (Etv bharat)

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Sep 19, 2024, 10:51 PM IST

گیا: اردو ادب کے کئی اہم موضوعات ایسے ہیں۔ جو ہنوز تشنہ ہیں۔ ان پر تحقیق کی ابھی خاصی گنجائش باقی ہے۔ طلباء کی کوشش یہ ہونی چاہئے کہ وہ ادب کے گوشے کا انتخاب کریں جس میں ان کی اپنی ذاتی دلچسپی ہو۔صرف ڈگری حاصل کرنے کے لیے پی ایچ ڈی نہ کریں بلکہ تحقیق میں ایک اہم کام انجام دیں تاکہ آپ کی تحقیق سے لوگ استفادہ کریں۔ آپ محنت اور ایمانداری سے تحقیق کریں اور اپنے علم میں اضافہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار شعبہ اردو مگدھ یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر ابو اللیث شمسی نے پی ایچ ۔ڈی (اردو)کورس ورک 2021 کے طلبہ و طالبات سے تعارفی نشست کے دوران کیا۔

ڈاکٹر ابو اللیث شمسی نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنے کورس ورک کے دوران کلاس میں اساتذ کی بتائی ہوئی باتوں کا خاص خیال رکھیں اوراس پر عمل کریں۔ واضح ہوکہ جمعرات کو مگدھ یونیورسٹی کے شعبہ اردو کے کانفرنس ہال میں پی ایچ ڈی کورس ورک 2021 کے طلباء کے لئے تعارفی نشست کا اہتمام ہوا۔ اس نشست کی نظامت ڈاکٹر ضیاء اللہ انور، اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اردو نے کی۔ انہوں نے تعارفی نشست میں تمام طلباء کا استقبال کیا اور اس نشست کے مقصد اور کورس ورک کی تفصیلات بیان کی اور شعبہ کے دیگر اساتذہ کرام کا باری باری تعارف کرایا۔ اس کے بعد بالترتیب تمام اساتذہ طلباء سے براہ راست مخاطب ہوئے۔

ڈاکٹر شکیلہ نگار اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اردو نے طلباء سے اپنے تاثرات میں کہا کہ اس تعارفی نشست کا مقصد طلباء اور اساتذہ کے درمیان رابطہ قائم کرنا ہے تاکہ طلباء کی بہتر رہنمائی کی جاسکے۔ ساتھ ہی انہوں نے پی ایچ۔ ڈی کورس ورک کی اہمیت سے متعارف کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ کورس ورک کے بعد اگلا مرحلہ تحقیق کا ہوگا۔ تحقیق کیسے کریں؟ کن چیزوں کا خیال رکھیں؟ موضوع کا انتخاب کیسے کریں؟ یہ تمام باتیں آپ کو کورس ورک کے دوران معلوم ہوں گی۔ اگر دلجمعی کے ساتھ کورس ورک کیا تو اسکا فائدہ لازمی طور پر آپ کو تحقیق کے دوران ملے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کورس ورک پر اس لیے بھی زور ہے کیونکہ پی ایچ ڈی کرنا کوئی آسان کام بھی نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آپ کو پانچ سال تک کا وقت پی ایچ ڈی مکمل کرنے کے لیے ملتا ہے۔ جبکہ ڈاکٹر سّمی اقبال، اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اردو نے اپنے تاثرات میں طلباء کو ناصحانہ انداز میں کہا کہ تحقیق کے لیے محنت کی ضرورت ہوتی ہے۔ اپنے اندر علمی صلاحیت پیدا کریں اور اس کے لیے ہم اساتذہ سے جو بھی تعاون کی ضرورت محسوس کریں بلا جھجک کہیں۔ جب آپ کلاس میں دلچسپی لیں گے اور سنجیدگی کے ساتھ کورس ورک کریں گے تو ہمیں بھی پڑھانے اور گائیڈ کرنے میں خوشی ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ طلباء محنت اور لگن سے خود سے نوٹس تیار کریں، خود تحقیق کے مواد کو حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ جبکہ اس موقع پرشعبہ کے بزرگ استاد ڈاکٹر شاہد رضوی ، ایسوسییٹ پروفیسر شعبہ اردو نے کہا کہ طلبہ اپنی کوشش اور محنت سے آگے بڑھیں، جو پریشانی ہو اس کا اظہار اپنے استاد سے بلا جھجک کریں، کیونکہ یہ خود کو بہتر بنانے کے لئے آپ کے پاس بہترین موقع ہے اس کو ہرگز نہ گوائیں۔

انہوں نے کہا کہ کورس ورک کے لیے چھ مہینے کا وقت آپکے لیے تعلیم کے لحاظ سے کوئی معمولی وقت نہیں ہوگا، بلکہ یہ چھ مہینے ہی آپ کے لئے زمین ہموار کریں گے، بلا ناغہ کلاس کریں گے تو آپ کا ذہن بھی وسیع ہوگا۔ اس موقع پر اساتذہ کے بعد تمام طلبہ نےایک ، ایک کر کےاپنا تعارف پیش کیا۔ طلبہ نے اساتذہ کو بتایا کہ ان کے مشاغل کیا ہیں اور وہ آگے کس طرح تحقیق کے لئے تیاری کریں گے، تحقیق کے لیے کس موضوع کا انتخاب کریں گے یا کر سکتے ہیں۔ نشست کے آخر میں شکریہ کی رسم کے ساتھ اس کے اختتام کا اعلان کیا گیا۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details