سرینگر: جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلہ کے تحت پولنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسرے مرحلہ کے دوران ووٹروں کو جوش و خروش سے ووٹنگ میں حصہ لیتے ہوئے اور جمہوریت کے تہوار میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ متعدد پولنگ سنٹرز پر ووٹرز کی لمبی قطاریں دیکھی جارہی ہیں۔ رائے دہندوں میں جوش و خروش دیکھا جارہا ہے۔ پہلی بار ووٹ دینے والوں نے حق رائے دہی سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا وہیں خواتین کی بڑی تعداد نے بھی پولنگ بوتھ پہنچ کر ووٹ دیا۔
خاص طور پر ضعیف و عمر رسیدہ افراد نے بھی بڑھ چڑھ کر رائے دہی کے عمل میں حصہ لے رہے ہیں۔ پولنگ کی شروعات سے ہی بڑی تعداد میں ضعیف حضرات اپنے افراد خاندان کے ساتھ پولنگ بوتھ پہنچ رہے ہیں اور حق رائے دہی کا استعمال کررہے ہیں۔ عمر رسیدہ افراد، وہیل چیر یا کسی رشتہ دار کی مدد سے پولنگ اسٹیشن پہنچ کر ووٹ دے رہے ہیں۔ اسی طرح معذور افراد اور ٹرانس جینڈر ووٹروں نے بھی جوش و خروش کے ساتھ ووٹ ڈال رہے ہیں۔ رائے دہندے پولنگ مراکز کے باہر انگلی پر سیاہی لگے نشان کو دکھاکر خوشی کا اظہار کررہے ہیں۔