جموں:شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ نے ترکوٹے سے سانجھی چھت تک روپ وے منصوبے کا اعلان کیا ہے، جو ویشنو دیوی گپھا کا درشن کرنے آئے یاتریوں کے لیے پاڑی راستے کے مشکل گزار سفر کو آسان اور محفوظ بنائے گا۔ شرائن بورڈ کے سی ای او نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ’’یہ منصوبہ روزانہ ہزاروں یاتریوں کو فائدہ پہنچائے گا۔ 250 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہونے والا 2.4 کلومیٹر طویل یہ روپ وے منصوبہ یاتریوں کو صرف 6 منٹ میں مندر کے قریب پہنچائے گا، جس میں کئی گھنٹے لگتے تھے۔‘‘
روپے وے کا یہ منصوبہ خاص طور پر بزرگوں اور معذور افراد کے لیے سہولت فراہم کرنے کے مقصد سے تیار کیا گیا ہے۔ یاتری، روپ وے کے ذریعے سانجھی چھت تک پہنچ سکیں گے اور وہاں سے پیدل سفر کر کے مندر تک جائیں گے۔
یاتریوں کے تاثرات
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے لکشمن شرما نامی ایک یاتری نے کہا: ’’اگر یہ روپ وے فعال ہو گیا، تو یہ (پہاڑی) سفر کو آسان اور وقت کی بچت کرے گا۔ یہ یاتریوں کے لیے خوش آئند ہوگا۔‘‘ ایک اور یاتری نے کہا: ’’اس منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف تھکن کم ہوگی بلکہ پورا سفر بھی خوشگوار بنے گا۔‘‘