جموں: بی جے پی کے مزید دو قائدین بشمول ایک ضلع صدر نے جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے لئے اپنے حلقوں میں امیدواروں کے انتخاب کے خلاف ناراضگی کا حوالہ دیتے ہوئے ہفتہ کو پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔جموں کے مضافات میں چھمب اسمبلی حلقہ کے کھوور بلاک میں سینکڑوں بی جے پی کارکنوں نے وہاں سے سابق ایم ایل اے راجیو شرما کو میدان میں اتارنے کے خلاف ایک ریلی نکالی۔ بی جے پی کو یونین ٹیریٹری میں ٹکٹوں کی تقسیم پر ناراضگی کا سامنا ہے۔
پارٹی کی جانب سے 26 اگست کو اسمبلی انتخابات کے لیے امیدواروں کی فہرست جاری کرنے ک بعد کارکنوں کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے۔ پارٹی سے ناراض کارکنوں اور لیڈروں کو منانے کےلئے سرکردہ رہنماؤں کے بشمول مرکزی وزرا بھی متحرک ہیں تاکہ حالات کو مزید بگڑنے سے بچایا جاسکے۔ اس دوران پارٹی کے دو باغی لیڈروں نے پہلے ہی رامبن اور پڈر-ناگسینی اسمبلی حلقوں سے آزاد امیدوار کے طور پر اپنے کاغذات نامزدگی داخل کر دیے ہیں، جہاں 18 ستمبر کو پہلے مرحلہ کی رائے دہی ہوگی۔