بارہمولہ: شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے سوپور نوپورہ علاقہ میں رات بھر تک جاری رہنے والی فائرنگ کے تبادلہ کے بعد جمعہ کو عسکریت پسندوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ دوبارہ شروع ہوا۔ ذرائع کے مطابق بتایا جا رہا ہے دو عسکریت پسند فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہوگئے ہیں۔
خبروں کے مطابق آج صبح تصادم کے مقام پر فائرنگ دوبارہ شروع ہوئی اور تقریباً دس منٹ تک جاری رہی۔ اس درمیان دو نامعلوم عسکریت پسندوں کے ہلاک ہونے کی خبر ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جمعرات کی دوپہر سے مسلسل دوسرے دن بھی علاقہ سخت محاصرے میں ہے۔
فائرنگ کے ابتدائی مرحلے میں دو فوجی زخمی ہوئے۔ جنہیں فوری طور پر ایم آئی اسپتال لے جایا گیا جہاں دونوں کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔ آپ کو بتادیں کہ قبل ازیں جمعرات کی دیر شام اضافی سکیورٹی فورسز کے ساتھ علاقہ کو گھیرے میں لے لیا گیا تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ تصادم میں مصروف عسکریت پسند علاقہ سے فرار نہ ہو جائیں۔ واضح رہے کہ کشمیر کے شمالی علاقہ میں گزشتہ 48 گھنٹوں میں یہ دوسری کارروائی ہے۔ بانڈی پورہ ووڈس میں بدھ کو عسکریت مخالف آپریشن کے دوران دو فوجی اہلکار زخمی ہوئے۔