پونچھ (جموں کشمیر) :ضلع پونچھ کے سرحدی علاقہ ڈوڈا، منڈی میں ڈوڈا پیر رحمت اللہ علیہ کا عرس اس بار بھی دو روز تک انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ عرس میں ضلع پونچھ کے علاوہ صوبہ جموں کے مختلف علاقوں سے آئے عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر انتظامیہ کی جانب سے سیکورٹی کے تمام تر انتظامات کیے گئے تھے۔
عرس کے موقع پر قرآن خوانی، ختمات المعظمات، درود و اذکار اور نعت و منقبت کی محافل آراستہ کی گئیں۔ حسب روایت عرس پاک کے پہلے روز قرآن خوانی، ختمات المعظمات، درود و اذکار کی محفل منعقد ہوئیں۔ جبکہ دوسرے روز علماء کرام کے بیانات ہوئے جنہوںں ڈوڈا پیر رحمہ اللہ کی سوانح حیات پر روشنی ڈالی۔ علاوہ ازیں اجتماعی طور پر دعائیہ مجالس کا بھی اہتمام کیا گیا۔