بانڈی پورہ (جموں کشمیر):جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس (جے کے پی سی) کے رہنما اور بارہمولہ پارلیمانی نشست سے پارٹی کے امیدوار سجاد غنی لون نے جمعرات کو شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کا دورہ کرکے عوامی ریلی سے خطاب کیا۔ سجاد غنی لون نے عوام سے ان کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کرنے کے علاوہ پرانے انداز میں ایک بار پھر نیشنل کانفرنس کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’ایجنسیز کا آشیرواد ہمیشہ این سی کے سر پر ہی رہا ہے۔‘‘
کنونشن کے حاشیہ پر میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ منتخب ہوکر پارلیمنٹ پہنچ جاتے ہیں تو وہ 70 برسوں سے جاری تنازعے سے متاثرہ کشمیریوں کے حق میں مفاہمت کے لیے آواز بلند کریں گے کیونکہ ’’ایسے افراد کی مدد اور بازآبادکاری کے لیے پارلیمنٹ سے بہتر اور کوئی جگہ نہیں ہے۔‘‘ سجاد لون نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران یہاں کی بیشتر آبادی متاثر ہوئی ہے جب کہ ایک قابل ذکر تعداد قانون کے ساتھ متصادم ہوئی اور اتنی بڑی آبادی کو معاشرے سے دور نہیں رکھا جا سکتا۔ انہیں منجملہ سزا نہیں دی جا سکتی، ان کے لیے پارلیمنٹ میں ضرور بات کریں گے۔