سرینگر:میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے کشمیر کے بلند پایہ ولی کامل حضرت شیخ العالم، شیخ نو رالدین نورانی ولی ؒ جنہیں پیار اور محبت سے کشمیری عوام’’ نند ریشی ‘‘کے نام سے بھی یاد کرتے ہیں کے عرس پاک کے موقعہ پر حضرت شیخ العالمؒ کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے انہیں شریعت و طریقت اور حقیقت و معرفت کامجسمہ قرار دیا ہے۔
ETV Bharat / jammu-and-kashmir
شیخ العالم ؒ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا وقت کی اہم ضرورت، میرواعظ - HAZRAT SHEIKH ALAM URS
عرس پاک کے موقعہ پر حضرت شیخ العالمؒ کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے انہیں شریعت و طریقت کامجسمہ قرار دیا۔
Published : Oct 29, 2024, 9:16 PM IST
|Updated : Oct 30, 2024, 9:50 AM IST
حضرت علمدار کشمیر کے605 ویں سالانہ عرس پاک کی مناسبت سے اپنے خصوصی پیغام میں میرواعظ نے کہا کہ شیخ العالمؒ بنیادی لحاظ سے ایک اعلیٰ پایہ کے دینی ور وحانی پیشوا اورایک عظیم مصلح اورمربی تھے جنہوں نے قرآن حکیم کی ابدی اور لافانی تعلیمات کو ہماری اپنی مادری زبان کشمیری میں پیش کرنے کی ایک انتہائی کامیاب اور مخلصانہ کوشش کی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ صدیاں گزر جانے کے باوجود ان کے کلام کی معنویت، افادیت، اہمیت،چاشنی اور بانکپن میں کوئی کمی نہیں آئی ہے اور جنہیں آج بھی کشمیری عوام خاص طور پرمیر واعظین و مبلغین پورے جوش و عقیدت کے ساتھ مجالس وعظ و تبلیغ میں پڑھتے اور پڑھاتے آرہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حضرت شیخ نور الدین ولی ؒ کا عرس منانے کا حق تب ہی ادا ہو سکتا ہے جب کشمیری عوام آج کے نا مساعد حالات کے تناظر میں ان کے دکھائے ہوئے شریعت اور طریقت اور خدمت خلق کے راستے کی حقیقی معنوں میں عملی طور پر پیرو ی کریں اور آج کے پُر آشوب اورتکلیف دہ دور میں جبکہ ہماراکشمیری معاشرہ خصوصیت سے گوناگوں مسائل اور تہذیبی سطح پر شدید بگاڑ ہوچکاہے اس کی بہتری اور اصلاح کیلئے حضرت شیخ العالم کی روحانی تعلیمات سے استفادہ کرکے ہی سماج کو نیکی اور بہتری کی راہ پر گامزن کیاجاسکتاہے