سرینگر (جموں کشمیر) :ملک کے ساتھ ساتھ جموں کشمیر کی پانچ پارلیمانی سیٹوں کے لئے پارلیمانی انتخابات کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس کے لئے حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سمیت اپوزیشن کی دیگر سیاسی جماعتوں نے کمر کس لی ہے۔ پارلیمانی انتخابات کے پس منظر میں بی جے پی کے جنرل سیکریٹری اور کشمیر امور کے انچارج سنیل شرما کے ساتھ ای ٹی وی بھارت کے نمائندے میر فرحت نے خصوصی گفتگو کی۔
سنیل شرما نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات چیت کے دوران کہا کہ جموں کشمیر کی پانچ پارلیمانی نشستوں پر انتخابات کے نتائج یہاں کے مستقبل کی سیاسیت کا راستہ طے کریں گے، کیونکہ یہ انتخابات اس دور میں ہو رہے ہیں جس میں خاندانی سیاست ختم ہو رہی ہے اور جموں کشمیر میں امن و امان بحال ہوا ہے۔ سنیل شرما نے بتایا کہ پارلیمانی انتخابات کے سلسلے میں بی جے پی ہر طرح کی سیاسی سرگرمی انجام دے رہی ہے اور آنے والے دنوں میں یہ سرگرمیاں سرعت کے ساتھ منعقد کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کے لئے جہاں جموں کشمیر کی پانچوں سیٹیں اہم ہیں وہیں اننت ناگ - راجوری نشست پر بی جے پی کی حتمی جیت ہوگی کیونکہ اس سیٹ پر پارٹی نے ایک خاص منصوبہ بنایا ہے جس کے تحت وہاں انتخابات منعقد جائیں گے۔ سنیل شرما کے مطابق انتخابات سے قبل ہی اپوزیشن سیاسی جماعتوں کا اتحاد ’’انڈیا الائنس‘‘ ہو یا ’’پی اے جی ڈی‘‘، ختم ہو جائے گا کیونکہ یہ خاندانی سیاست جموں کشمیر کے لوگوں کو قبول نہیں ہے۔