بارہمولہ (جموں کشمیر) :وادی کشمیر میں امسال انتہائی کم برفباری ہوئی۔ محکمہ سرکاری اداروں نے برفباری سے قبل ہی عملہ اور مشینری کو سڑکوں پر سے برف ہٹانے کے لیے متحرک کیا تھا تاہم وادی کے بعض علاقوں کی سرکیں ہنوز زیر برف ہے جس کے سبب لوگوں کو عبور و مرور میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سرحدہ علاقے اوڑی کے دنا سے موٹل جانے والی رابطہ سڑک اس کی ایک مثال ہے، اس رابطہ سڑک پر برف ابھی بھی جمع ہے جسے متعلقہ محکمہ جات کی جانب سے پوری طرح نہیں ہٹایا گیا۔
مقامی باشندوں نے بتایا کہ دنا سے موٹل جانے والی رابطہ سڑک محکمہ آر اینڈ بی کے دائرہ اختیار میں آتی ہے اور سڑک کے قریب دو کلومیٹر حصہ پر سے برف پوری طرح صاف نہیں کی گئی۔ لوگوں کا کہنا ہے منفی درجہ حرارت کے سبب سڑکوں پر پھسلن بھی ہو گئی ہے جو لوگوں کے لیے حادثے کا موجب بن سکتا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ محکمہ کی جانب سے برف صاف کرنے پر معمور ٹھیکہ دار نے سڑک پر سے برف نہیں ہٹائی اور اس کا خمیازہ لوگوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔