اننت ناگ (جموں کشمیر):اتوار اور پیر کی درمیانی شب برفباری کے باعث صوبہ جموں کے کشتواڑ اور وادی کشمیر کے اننت ناگ کو جوڑنے والی رابہ سڑک سنتھن ٹاپ کو ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔ اگرچہ محکمہ موسمایات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں گزشتہ روز ہلکی برفباری شروع ہوئی تھی، تاہم دوران شب کوہساروں میں شدید برفباری ہوئی۔ تازہ برفباری کے مدنظر وادی کو خطہ چناب سے جوڑنے والی پہاڑی سنتھن ٹاپ رابطہ شاہراہ کو احتیاطی طور پر ٹریفک کی آمدو رفت کے لئے بند کر دیا گیا۔ وہیں حکام کی جانب سے مرگن پاس رابطہ سڑک پر تازہ برف باری کے سبب ٹریفک کی نقل و حمل معطل کر دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے گزشتہ روز پیش گوئی کی تھی کہ وادی کشمیر کے اکثر مقامات پر درمیانہ درجے کی برفباری ہو سکتی ہے، جس کے باعث وادی کے پہاڑی علاقوں میں گزشتہ رات سے ہی برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ برفباری کے نتیجے میں جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے سب ضلع کوکرناگ کی انتظامیہ نے احتیاطی طور سنتھن کشتواڑ رابطہ سڑک اور مرگن ٹاپ مڑواہ رابطہ شاہراہوں کو ٹریفک کی آمدو رفت کے لئے معطل کر دیا ہے۔ انتظامیہ نے محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے مذکورہ سڑکوں کو ٹریفک کی آمد و رفت کے لئے فی الحال معطل کر دیا ہے، تاکہ لوگوں کی جان اور مال کو تحفظ فراہم ہو۔