راجوری (جموں و کشمیر):کٹھوعہ حملے میں ملوث عسکریت پسندوں کو پکڑنے کے لیے جموں صوبے کے متعدد اضلاع میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائیاں شروع کی گئی ہیں اور اس بیچ سرحدی ضلع راجوری میں دراندازی کی مشتبہ کوشش میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نزدیک بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا، دھماکے میں ابھی تک کسی بھی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے
ذرائع نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ بارودی سرنگ کا یہ دھماکہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب راجوری ضلع کے لام سیکٹر کے قریب رن بھومی گیپ زیرو لائن پر ہوا۔ دھماکے کے بعد جمعرات کی صبح ممکنہ دھماکہ خیز مواد کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر تلاشی کارروائی شروع کی گئی۔ اگرچہ پولیس اور فوج نے ابھی تک اس سلسلے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے، تاہم یہ قیاس کیا جا سکتا ہے کہ سرحد پار سے دراندازی کرنے والوں نے اس پار گھسنے کے لیے اس لینڈ مائن کو ٹریگر کیا تھا۔