پلوامہ: بھارت میں کرکٹ کے بھگوان تصور کیے جانے والے ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر نے گذشتہ روز جنوبی کشمیر کے چرسو اونتی پورہ میں واقع ایم جے سپورٹس نام کی بیٹ یونٹ پر کچھ وقت گزارا، جس کے بعد وہاں ماحول خوشگوار بن گیا۔ ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے ایم جے سپورٹس چرسو اونتی پورہ کے مالک جاوید احمد نے کہا کہ جب وہ معمول کے مطابق اپنے آفس میں بیٹھے تھے، تبھی اچانک کچھ گاڑیاں آکر رکیں۔ میں یہ دیکھ کر حیران ہوا کہ یہ ملک کے مایہ ناز کرکٹر سچن تندولکر ہیں۔ اس کے بعد یہاں لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔ اس موقعے پر ہم نے ان کا استقبال کیا۔ سچن تندولکر نے یہاں کافی وقت گزار اور کشمیری بیٹ سازی کے طریقہ کار اور تاریخ کے بارے میں بات چیت کی۔
جاوید احمد نے مزید بتایا کہ سچن تندولکر کے دورے سے نہ صرف میرے کارخانے میں کاروبار بڑھے گا بلکہ اس دورے سے کشمیری بیٹ انڈسٹری کے دو سو کارخانہ داروں کو کافی فائدہ ملے گا، کیونکہ یہ خبر عام ہونے کے بعد گزشتہ روز سے ہی مجھے ملک کے مختلف خطوں سے آرڈر ملنے شروع ہوگئے ہیں اور امید ہے کہ اس میں مزید اضافہ ہوگا۔