پلوامہ (جموں کشمیر) :جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے کھنڈی پورہ علاقے میں تعمیر کیے جا رہے اسپورٹس اسٹیڈیم کو جدید بنیادوں پر تیار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے مقامی باشندوں نے خاموش احتجاج درج کیا۔ مقامی باشندوں نے بتایا کہ انتظامیہ وادی کشمیر میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنیادوں پر تیار کرنے کے لیے کام کر رہی ہے تاکہ جموں وکشمیر میں کھیلاڑیوں کا بہتر میدان فراہم کیا جا سکے، تاہم کھنڈی پورہ کے اسپورٹس اسٹیڈیم کی محض فِلنگ انجام دی جا رہی ہے جبکہ اسے اپگریڈ کیے جانے کا کوئی امکان نظر نہیں آ رہا۔
لوگوں نے بتایا کہا کہ ضلع انتظامیہ پلوامہ نے علاقے میں کھیل کود کے ڈھانچے کے کو اپ گریڈ کرنے کے لئے کام شروع کیا جو کہ کافی خوش آئند ہے۔ اور کھیلاڑیوں کو بہتر انفراسٹرکچر فراہم کرنے کے حوالہ سے کئی مقامات پر اسٹیڈیم، گراؤنڈز کی نشاندہی کی گئی جبکہ بعض علاقوں میں تعمیری کام بھی شروع کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں کھنڈی پورہ علاقے میں کھیل کے میدان کی تعمیر و مرمت کا کام شروع کیا گیا تاہم انہوں نے مطالبہ کیا کہ ’’مقامی نوجوانوں کی رائے، ضرورت اور خواہشات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہی اس اسٹیڈیم کا تعمیراتی کام انجام دیا جائے۔‘‘