اننت ناگ (جموں کشمیر) :پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) صدر اور جموں کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کچھ سیاسی پارٹیوں کی جانب سے اننت ناگ - راجوری لوک سبھا سیٹ کے انتخابات موخر کرنے کے مطالبے پر اظہار تعجب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کو مکتوب بھیجنے کا مقصد ان کو پارلیمنٹ سے دور رکھنا ہے۔
محبوبہ مفتی نے کہا: ’’ایسا کرنے سے 1987 کے الیکشن کو دہرایا جائے گا جن انتخابات میں ہوئی دھاندلیوں کی وجہ سے جموں وکشمیر لہو لہان ہوا۔‘‘ انہوں نے الیکشن کمیشن آف انڈیا سے گزارش کی کہ وہ اس طرح کا کوئی اقدام کرنے سے گریز کریں۔ یاد رہے کہ کچھ سیاسی پارٹیوں اور امیداروں نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کو اننت ناگ – راجوری لوک سبھا سیٹ کے لئے انتخابات کی تاریخ کو موخر کرنے کے لئے ایک مکتوب ارسال کیا ہے۔ محبوبہ مفتی نے اس مکتوب پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے راجوری میں جمعہ کی صبح ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا: ’’مجھے تعجب ہے کہ مغل روڈ کو وجہ بنا کر اننت ناگ – راجوری لوک سبھا سیٹ کے لئے پولنگ موخر کرنے کے لئے الیکشن کمیشن آف انڈیا کو خط لکھا گیا ہے، میں خود اسی روڑ سے آئی پہلے یہ روڈ ماہ مئی میں کھلتا تھا لیکن اس سال الیکشن کی وجہ سے 8 اپریل سے ہی کھلا ہوا ہے۔‘‘
محبوبہ مفتی کے مطابق ’’'جن پارٹیوں نے یہ خط بھیجا ہے ان کو بی جے پی کی حمایت حاصل ہے، بی جے پی ایک مالدار پارٹی ہے وہ ووٹروں کے لئے چاپر استعمال کر سکتی ہے، ہمارے پاس وسائل نہیں ہیں، ہمارے ورکر اپنی جیبوں سے پیسہ نکال کر الیکشن مہم چلاتے ہیں، ہمارے پاس جو کچھ تھا وہ ختم ہوگیا۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ ’’ملک میں کبھی ایسا نہیں ہوا ہے کہ سڑک کی وجہ سے الیکشن موخر ہوئے ہوں۔‘‘