پلوامہ (جموں کشمیر) :پلوامہ پولیس نے جمعرات کو پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے یوتھ صدر اور پارلیمنٹ الیکشن کے دوران سرینگر نشست کے لیے پی ڈی پی امیدوار وحید الرحمان پرہ کے خلاف لوک سبھا انتخابات کے دوران ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر چارج شیٹ داخل کی۔ وحید پرہ یہ نشست نیشنل کانفرنس کے لیڈر اور ممبر پارلیمنٹ آغا روح اللہ مہدی سے قریب پونے دو لاکھ ووٹوں سے ہار گئے تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق آئی پی سی کی دفعہ 188 کے تحت درج یہ مقدمہ مبینہ طور نافرمانی سے متعلق ہے جس سے، پولیس کے مطابق، عوامی تحفظ کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ سب جج موبائل مجسٹریٹ، پلوامہ کی عدالت میں پیش کی گئی چارج شیٹ میں ایسے واقعات کی تفصیلات بتائی گئی ہیں جس میں پرہ نے مبینہ طور پر 27 اپریل 2024 کو ضلع پلوامہ کے کئی علاقوں بشمول بیگ پورہ، پدگام پورہ اور لارکی پورہ میں ’’غیر مجاز روڈ شوز‘‘ کا انعقاد کیا۔ پولیس کا موقف ہے کہ ان تقریبات کے انعقاد کے لیے حکام کی جانب سے اجازت نہیں دی گئی تھی۔
علاوہ ازیں، پرہ پر پی ڈی پی کے دفتر سے راجپورہ چوک اور پیکس کراسنگ سمیت مختلف مقامات تک کار ریلی کے دوران انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا بھی الزام ہے۔ چارج شیٹ کے مطابق ایس ایچ او اور ڈیوٹی مجسٹریٹ کی جانب سے ریلی کو روکنے کی درخواستوں کے باوجود، پرہ نے اپنی اور دیگر شہریوں کی سیکورٹی کے ساتھ سمجھوتہ کرتے ہوئے اور سرکاری منظوری کے بغیر ہی ریلی برآمد کی۔