سرینگر (جموں کشمیر) :پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے ترجمان وریندر سنگھ سونو نے کہا کہ ’’لوگوں کا جو بھی فیصلہ ووٹنگ کی صورت میں سامنے آیا ہے اس پر ہم راضی ہیں۔ جمہوریت میں لوگوں کا فیصلہ کافی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔‘‘ ان باتوں کا اظہار پی ڈی پی کے ترجمان نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی بات چیت کے دوران کیا۔
وریندر سنگھ سونو نے لوگوں کا فیصلہ تسلیم کرتے ہوئے کہا: ’’پی ڈی کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی مرکزی سرکاری نے دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد توڑنے کی کوشش کی گئی اور جس طرح اپنی ہم خیال جماعتوں کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی گئی وہ سب کے سامنے عیاں ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ این سی انڈیا بلاک کے اتحاد میں جموں وکشمیر کی تینوں سیٹوں پر لڑ رہی تھی لیکن پی ڈی پی بنا کسی اتحاد کے علیحدہ طور پر میدان میں تھی، البتہ جمہوریت میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے۔ یہ پوچھے جانے پر کہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں لوک سبھا الیکشن کے نتائج کا کتنا اثر پڑ سکتا ہے؟ وریندر سنگھ نے کہا: ’’یہ کہنا قبل از وقت ہوگا۔‘‘