اننت ناگ (جموں کشمیر) : ’’آنے والے پارلیمانی انتخابات جموں کشمیر میں سیاسی خلا کو پر کرنے کے لیے کافی اہم ثابت ہوں گے، اور امید ہے کہ جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات بھی جلد منعقد ہوں گے۔‘‘ ان باتوں کا اظہار سینئر سیاسی کارکن عمران امین شاہ نے اننت ناگ میں منعقدہ ایک تقریب کے حاشیہ پر میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔
قبل ازیں اننت ناگ میں منعقدہ ایک سیاسی تقریب کے دوران کئی ’آزاد‘ سیاسی کارکنان نے عمران شاہ کو اپنا اعتماد دینے کا اعلان کیا۔ تقریب کے دوران سیاسی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے عمران شاہ نے کہا کہ لوگ اب یہاں پر سیاسی بدلاؤ لانے کی کوشش کر رہے ہیں اور آنے والے وقت میں وہ دیگر ہم خیال سیاسی کارکنوں کے تعاون سے یہاں کی روایتی سیاست کو ختم کرنے کی کوشش جاری رکھیں گے۔ ایسے لوگوں کی حوصہ افزائی اور انہیں مضبوط بنائے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے عمران شاہ نے کہا: ’’ایسے افراد عوام کی امنگوں کی بہتر نمائندگی کر سکتے ہیں اور حقیقی طور عوامی مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔‘‘