سرینگر (جموں و کشمیر) :امرناتھ یاترا کے چوتھے روز پوتر گپھا میں شیو لنگم کے درشن کے لیے 6000 سے زیادہ یاتری منگل کو جموں بیس کیمپ سے وادی کشمیر کی جانب روانہ ہوئے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق6537 یاتری جموں کے بھگوتی نگر یاتری نواس سے 261 گاڑیوں کے قافلے میں جنوبی کشمیر کے نونہ وَن، پہلگام اور سونہ مرگ کے بالتال بیس کیمپس کی طرف روانہ ہوئے ۔ 300 کلومیٹر طویل سرینگر جموں شاہراہ پر قافلے کی حفاظت نیم فوجی دستے اور جموں و کشمیر پولیس کے اہلکاروں کے ذمہ ہے۔
منگل کی صبح تقریبا 3 بجے روانہ ہونے والے یاتریوں میں 5091 مرد ، 1102 خواتین ، 19 بچے، 301 سادھو اور 24 سادھوی شامل تھے۔ ان میں سے 2106 یاتری ضلع گاندربل کے سونہ مرگ میں بالتال کے چھوٹے راستے کو ترجیح دیں گے جبکہ 4431 یاتری اننت ناگ ضلع کے پہلگام میں واقع چندن واڑی کے روایتی راستے سے امرناتھ گپھا تک پہنچیں گے۔ آج کے یاتریوں سمیت چار دنوں میں جموں سے کشمیر کی جانب روانہ ہونے والے یاتریوں کی کل تعداد 24226 تک پہنچ گئی ہے۔