جموں:جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور جموں و کشمیر کی معیشت کو زندہ کرنے میں زراعت کے اہم کردار پر زور دیا۔ شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگریکلچرل سائنسز اینڈ ٹکنالوجی (SKUAST) جموں میں چار روزہ قومی زرعی سربراہی اجلاس اور کسان میلہ 2024 کے افتتاح کے موقعے پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے جدید کاشتکاری کے طریقوں اور تحقیق کی فوری ضرورت پر روشنی ڈالی۔
عمر عبداللہ نے برف باری کے بدلتے ہوئے نمونوں اور بڑھتے درجہ حرارت کو اہم خدشات کے طور پر پیش کرتے ہوئے کہا موسمیاتی تبدیلی ایک بڑھتا ہوا چیلنج ہے، اور SKUAST جیسے اداروں کو ان تبدیلیوں پر قابو پانے کے لیے کسانوں کو تیار کرنے کے لیے راہنمائی کرنی چاہیے۔ وزیر اعلیٰ نے سکواسٹ جموں کی ترقی کی تعریف کی اور جموں و کشمیر کے ترقیاتی مباحثوں میں زراعت پر نئے سرے سے توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے نمایاں صلاحیت کے باوجود اس شعبے کو نظر انداز کرنے پر افسوس کا اظہار کیا۔