سرینگر (جموں کشمیر):جموں کشمیر میں جاری اسمبلی انتخابات کے حوالے سے نیشنل کانفرنس (این سی) کے نائب صدر اور جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی جماعت (این سی) کو مختلف طبقوں سے بھرپور حمایت حاصل ہو رہی ہے۔ عمر عبداللہ نے ووٹنگ میں عوامی شرکت کے حوالہ سے سرینگر میں میڈیا نمائندوں کو بتایا: ’’یہ ایک بہت اچھی بات ہے، ہم چاہتے ہیں کہ لوگ نیشنل کانفرنس کو ووٹ دیں کیونکہ اس سے جموں و کشمیر کو فائدہ ہوگا۔‘‘
عمر عبداللہ نے دعویٰ کیا کہ وہ کئی لوگوں سے ملے ہیں اور ان کے مطابق نیشنل کانفرنس کو تمام طبقوں سے بڑی تعداد میں ووٹ مل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’ہمیں امید ہے کہ ہم جیت جائیں گے۔ ہم 10 سال سے اس دن کا انتظار کر رہے ہیں۔ ہم پر امید ہیں۔ ہم 8 اکتوبر کا انتظار کریں گے اور ابھی تک ملنے والی رپورٹس حوصلہ افزا ہیں۔‘‘