نوشہرہ (جموں و کشمیر):وزیر داخلہ امت شاہ نے اتوار کے روز اپوزیشن لیڈروں خاص طور پر این سی کے سربراہ فاروق عبداللہ اور کانگریس رہنما راہل گاندھی پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ 'جموں و کشمیر میں کسی پتھر باز یا دہشت گرد کو جیل سے نہیں چھوڑا جائے گا اور جب تک دہشت گردی کا صفایا نہیں ہو جاتا پاکستان کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔'
نوشہرہ میں جموں کشمیر بی جے پی یونٹ کے صدر رویندر رینا کی حمایت میں ایک انتخابی ریلی میں تقریر کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ وہ جموں و کشمیر کے نوجوانوں سے بات کرنا چاہیں گے، جنہیں انہوں نے "شیر" کہا۔
مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ ''وہ (این سی-کانگریس اتحاد) پتھراؤ کرنے والوں اور دہشت گردوں کو رہا کرنا چاہتے ہیں۔ فاروق عبداللہ جموں کی پہاڑیوں میں دہشت گردی کے احیاء کی بات کر رہے ہیں لیکن میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ یہ مودی حکومت ہے اور ہم دہشت گردی کو زمین کے نیچے دفن کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی دہشت گرد یا پتھر باز کو نہیں چھوڑا جائے گا۔''
شاہ نے کہا کہ این سی اور کانگریس پاکستان کے ساتھ بات چیت کے لیے بیٹنگ کر رہے ہیں۔ "میں فاروق عبداللہ اور راہل گاندھی کو بتانا چاہتا ہوں کہ دہشت گردی کے خاتمے تک پاکستان کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔ میں اپنے نوشہرہ کے شیروں (نوجوانوں) سے بات کروں گا، پاکستان سے نہیں"۔