سری نگر:قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے جمعرات کو عسکریت پسند تنظیموں سے وابستہ مشتبہ افراد کے ٹھکانوں پر بڑے پیمانے پر چھاپے مارے۔ تفتیشی ایجنسی نے یہ کارروائی پہلے سے درج مقدمے کی تحقیقات کے سلسلے میں کی ہے۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ یہ چھاپے سری نگر بارہمولہ، بڈگام اور جموں کے ریاسی ضلع میں صبح سویرے شروع ہوئے۔ تلاشیوں کا مقصد ممنوعہ تنظیم جیش محمد سے وابستہ مشتبہ کی جانچ کرنا تھا۔ الزام ہے کہ یہ لوگ نوجوانوں کو بنیاد پرست بنانے اور ملک میں 'عسکریت پسندی کی سازش' میں ملوث تھے۔
این آئی اے نے صبح کے وقت جموں و کشمیر، آسام، مہاراشٹر، اتر پردیش اور گجرات میں 19 مقامات پر مشتبہ افراد کے ٹھکانوں پر چھاپے مارے۔ یہ کارروائی کالعدم دہشت گرد تنظیم جیش محمد سے وابستہ مشتبہ افراد کے ٹھکانوں پر کی گئی۔
اس مہم کا مقصد عسکریت پسندی کے پروپیگنڈے اور انتہا پسندانہ سرگرمیوں کے پھیلاؤ کا مقابلہ کرنے کی کوششوں پر توجہ مرکوز کرنا تھا۔ یہ اقدام انسداد دہشت گردی کے ادارے کی جانب سے پانچ ریاستوں میں متعدد مقامات پر تلاشی لینے اور شیخ سلطان صلاح الدین ایوبی عرف ایوبی نام کے ایک شخص کو گرفتار کرنے کے دو ماہ بعد اٹھائے گئے۔