اردو

urdu

ETV Bharat / jammu-and-kashmir

عدم توجہی کے باعث کُلّم چنار کا سیاحتی مقام گندگی کی نذر - Kullam Chinar Polluted - KULLAM CHINAR POLLUTED

کُلّم چنار چشمہ آلودگی کی زد میں ہے، جس سے اس کی خوبصورتی اور سیاحتی اہمیت متاثر ہو رہی ہے۔ مقامی لوگوں نے صفائی اور بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔

ا
سیاحتی مقام، کُلم چنار (ETV Bharat)

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Aug 12, 2024, 6:27 PM IST

عدم توجہی کے باعث کُلّم چنار کا سیاحتی مقام گندگی کی نذر (ای ٹی وی بھارت)

اننت ناگ:ضلع اننت ناگ کے ڈورو، شنکر پورہ علاقہ میں موجود معروف قدرتی چشمہ - کُلّم چنار - آلودگی کا شکار ہو گیا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف اس جگہ کی خوبصورتی متاثر ہوئی ہے بلکہ چشمہ میں موجود نایاب مچھلیاں بھی ختم ہو رہی ہیں۔ کُلّم چنار، ڈورو ویری ناگ روڑ پر ایک پہاڑی کے متصل واقع دلچسپ سیاحتی مقام ہے۔ سیاحتی مقامات ڈورو ویری ناگ کی جانب جانے اور آنے والے سیاح اس مقام پر اکثر و بیشتر رُک کر کلم چنار کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہونے کے لئے چند لمحات اس جگہ پر گزار کر اپنے سفر کو مزید یادگار بناتے ہیں۔

اگرچہ کئی برس قبل ویری ناگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے کُلّم چنار کی تجدید و مرمت کرکے بیوٹفکیشن کی گئی، تاہم بعد میں اس جگہ کی طرف توجہ نہیں دی گئی۔ مذکورہ مقام پر بچوں کے لئے ایک ایمیوزمنٹ پارک بھی بنائی گئی اور مقامی لوگوں اور بچوں کی ایک بڑی تعداد روزانہ اس جگہ پر سیرو تفریح کے لئے آتے ہیں، تاہم متعلقہ محکمہ کی عدم توجہی اور عوام کی غفلت شعاری سے مذکورہ صحت افزا مقام خاص کر کُلّم چنار چشمہ میں کوڑا کرکٹ جمع ہو گیا ہے۔

کلم چنار چشمہ کے اندر گندگی اور غلاظت سے یہ چشمہ اپنی شان کھو رہا ہے۔ عبدالرشید لون نانمی ایک مقامی شخص نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ کُلّم چنار نہ صرف قدرتی خوبصورتی کے اعتبار سے اہمیت کا حامل ہے بلکہ اس چشمہ سے متصل کئی علاقوں کی زرعی اراضی بھی سیراب ہوتی ہے، وہیں اس کے صاف و شفاف پانی پر کئی ٹراؤٹ مچھلیوں کے فارم بھی چل رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’’کلم چنار عدم توجہی کا شکار ہو گیا ہے جس سے اس کی افادیت ختم ہو رہی ہے۔‘‘ انہوں نے سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ کلم چنار چشمہ اور اس کے ارد گرد جگہ کی صاف و صفائی اور تجدید و مرمت کی جائے تاکہ اس مقام کی شان رفتہ بحال ہو جائے۔ انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ کلم چنار کی لائٹس بھی بحال کی جائیں۔

یہ بھی پڑھیں:تاریخی ویری ناگ چشمہ بیش قیمتی آبی خزانوں کا سرچشمہ

ABOUT THE AUTHOR

...view details