سرینگر (جموں کشمیر) :میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے 13جولائی 1931ءکے شہدائے کشمیر کو ان کی 93 ویں برسی پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ان شہداء نے ایک بلند نصب العین اور کشمیری عوام کے سلب شدہ حقوق کی بحالی کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔‘‘ مرکزی جامع مسجد سرینگر میں خطبہ جمعہ کے دوران خطاب کرتے ہوئے میرواعظ نے کہا کہ ’’ان شہداءکی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔‘‘
میرواعظ نے مزید کہا کہ شہید ملت ’’سابق میرواعظ مولوی محمد فاروق کے دور سے ہی اس دن کو منانے کے حوالے سے یہ روایت رہی ہے کہ ان کی قیادت میں شہداء کے مزار تک جلوس نکالا جاتا تھا اور اس موقع پر کشمیری عوام کی جانب سے ان شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے مشن کے تئیں تجدید عہد کیا جاتا تھا لیکن گزشتہ کچھ برسوں سے سرکاری پابندیوں کی وجہ سے ایسی کوئی تقریب ممکن نہیں ہو پا رہی ہے جو عوام کیلئے تکلیف دہ اور حد درجہ افسوسناک ہے۔‘‘