جموں:پارلیمنٹ انتخابات کے حوالہ سے یو ٹی جموں کشمیر میں انتظامی تیاریاں تیز ہو گئی ہیں۔ پیر کو چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) پی کے پولے نے جموں، سانبہ اور ریاسی اضلاع کے ضلع الیکشن افسران اور ایس ایس پیز کے ساتھ میٹنگ منعقد کی اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ سی ای او نے الیکشن کے حوالہ سے ٹھوس انتظامات اٹھانے جانے کی ہدایت دی۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ الیکشن مینجمنٹ پلانز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انتخابی عمل، لاجسٹک ضروریات، افرادی قوت کا انتظام، رسک مینجمنٹ، ای وی ایم ٹرانسپورٹیشن، پولنگ عملہ اور سیکورٹی انتظامات پر بھی خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مناسب انسانی وسائل مختص کرنے، بوتھ پر صفائی کے منصوبوں کو نافذ کرنے، جامع مواد کے انتظام کی منصوبہ بندی، محفوظ راستے کی نقشہ سازی اور AROs، EROs اور نامزد نوڈل افسران کے لیے ایک جامع تربیتی پروگرام تیار کرنے پر بھی زور دیا گیا۔