سرینگر: لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے گلمرگ میں چوتھے کھیلو انڈیا گیمز کے اسنو سپورٹس ایونٹ کا افتتاح ایک رنگارنگ تقریب کے ساتھ کیا۔ اس موقع پر مرکزی وزیر مملکت برائے کھیل کود اور امور داخلہ نسیتھ پرمانک نے بھی شرکت کی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے سرمائی کھیلوں کے مختلف شعبوں میں حصہ لینے والے ملک بھر سے کھلاڑیوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ 600 سے زائد کھلاڑیوں کے لئے ایک اہم موقعہ ہے جو اس شاندار ایونٹ کی تیاری کر رہے ہیں۔
انہوں نے کھلاڑیوں، ٹیم آفیشلوں اور کھیلوں کے شائقین کو دعوت دی کہ وہ جموں کشمیر کی گرمجوشی سے لطف اندوز ہوں، الپائن سکی، نارڈک سکی، برف کوہ پیمائی کے مقابلوں سے لطف اندوز ہوں اور زمین پر جنت کے ناقابل یقین نظاروں اور ضیافتوںسے بھی لطف اندوز ہوں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ چوتھے کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں میں اگلے چار دنوں میں سکی ڈھلوان پر سخت محنت، مہارت، لگن اور کھیلوں کی عمدہ کارکردگی کا اعزاز دیںگے اور مجھے یقین ہے کہ اِس سے تمام ٹیموں کے درمیان بھائی چارے، امن اور ہم آہنگی کے جذبے کی تجدید ہوگی۔
انہوں نے افتتاحی تقریب میں جموں وکشمیر یوٹی کے شہروں اور دیہاتوں میں کھیلوں کے مضبوط کلچر کو فروغ دینے کی حکومت کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ وزیر اعظم نریندر مودی جی کی قیادت میں جموں و کشمیر میں کھیلوں کا ایک نیا دور شروع ہوا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جدید ترین بنیادی ڈھانچے اور متعلقہ سہولیات پر نئے سرے سے زوردینے سے کھیلوں کے شعبے کو زبردست فروغ ملا ہے۔