اننت ناگ (جموں کشمیر) :جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے دو الگ الگ مقامات پر سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے درمیان تصادم میں 6 مقامی عسکریت پسندوں سمیت 2 فوجی اہلکار ہلاک ہو گئے۔ اس آپریشن میں سکیورٹی فورسز نے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی ضبط کیا۔ تصادم آرائیوں کے دوران چھ عسکریت پسندوں کی ہلاکت کو سیکورٹی ایجنسیز نے ’’سیکورٹی فورسز کے لیے بڑی کامیابی‘‘ قرار دیا ہے۔
تصادم کے اختتام کے بعد اننت ناگ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران فوج کے سیکٹر کماندر (فرسٹ) پرتھوی راج چوہان اور سیکٹر کمانڈر (سیکنڈ) انیرودھ چوہان نے کہا کہ ’’یہ کامیاب آپریشن فوج اور سکیورٹی فورسز کے لئے بہت بڑی کامیابی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’اس کارروائی سے جنوبی کشمیر کو ایک بہت بڑی تباہی سے بچایا گیا اور جاری امرناتھ یاترا میں خلل ڈالنے کے عسکریت پسندوں کے ارادوں پر پانی پھیر دیا گیا۔ انہوں نے کولگام کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’’لوگوں کے تعاون کی بدولت ہی یہ دونوں آپریشن کامیاب ہویئے۔‘‘ سیکٹر کمانڈرز نے تصادم کے دوران ہلاک ہونے والے دو فوجی جوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ’’فوج، پولیس اور نیم فوجی دستوں نے مشترکہ طور پر ان آپریشنز میں بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی جو قابل ستائش ہے۔‘‘