اننت ناگ:وادی کشمیر میں جہاں برفباری کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے وہیں سڑکوں پر جمع برف کی وجہ سے لوگوں کو عبور و مرور میں دقتیں پیش آئیں۔ ضلع اننت ناگ کے سیاحتی مقام پہلگام میں بھی سڑکوں پر برف جمع ہونے اور پھسلن کی وجہ سے جہاں عام مسافرین پریشان ہو گئے وہیں سیاحوں کو بھی سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ پہلگام جانے والی سڑک پر ٹریفک جام اور دونوں طرف گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھنے کو ملی۔
پہلگام جانے والے سڑک پر ٹریفک جام کی وجہ سے سیاحوں کو کئی گھنٹوں تک گاڑیوں میں ہی وقت گزارنا پڑا، شدید سردی کے باعث انہیں سخت دقتیں پیش آئیں۔ سیاحوں نے انتظامیہ کے تئیں ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’’محکمہ موسمیات نے پہلے ہی برفباری کی پیشگوئی کی تھی، مگر انتظامیہ کی جانب سے خاطر خواہ انتظامات نہیں کیے گئے ہیں۔‘‘ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شاہراہ پر برف ہٹانے کے لیے جلد از جلد خاطر خواہ اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ سیاحوں کو پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔