اننت ناگ:کشمیر کی کرکٹ بیٹ انڈسٹری کے لیے ایک بڑی کامیابی کے طور پر حکومت ہند اور جموں و کشمیر کے محکمہ ہینڈلوم و ہینڈی کرافٹس نے مشہور بید کرکٹ بیٹ کو دستکاری کی نوٹیفائیڈ فہرست میں شامل کر لیا ہے۔ کرکٹ بیٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف کشمیر (CBMAK) نے اس اہم اقدام پر حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔
یہ فیصلہ وزارت ٹیکسٹائلز کے توسط سے باقاعدہ طور پر تسلیم کر لیا گیا ہے جس سے وادی بھر میں بیٹ سازوں اور کاریگروں کو فائدہ پہنچے گا اور اس روایت کو طویل مدتی ترقی بھی ملے گی۔ اس فہرست میں شمولیت سے کشمیری بیٹ سازوں کو نیشنل ہینڈی کرافٹ ڈیولپمنٹ پروگرام (NHDP) اور کمپریہنسیو ہینڈی کرافٹس کلسٹر ڈیولپمنٹ اسکیم (CHCDS) کے تحت اسکیموں اور فلاحی سہولتوں کا فائدہ ملے گا۔ مزید یہ کہ کاریگروں کے لیے شناختی کارڈ کے اجراء اور تجدید میں بھی سہولت ہوگی۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کرکٹ بیٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف کشمیر کے ترجمان اور نائب صدر فوز الکبیر نے کہا: ’’ہم حکومت ہند اور جے کے ہینڈلوم و ہینڈی کرافٹس ڈیپارٹمنٹ کے بے حد شکر گزار ہیں کہ انہوں نے یہاں کے مشہور کشمیری بید کرکٹ بیٹس کی کاریگری کو تسلیم کیا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’یہ شناخت ہمارے کاریگروں کے لیے نئے مواقع کے نئے دروازے کھولے گی، مالی تحفظ کو یقینی بنائے گی اور ہماری مصنوعات کو قومی و بین الاقوامی سطح پر فروغ دے گی۔ ہم وزارت ٹیکسٹائلز کے اس بروقت اقدام کا شکریہ ادا کرتے ہیں جو ہمارے ورثے کو مضبوط بنانے اور وسائل تک بہتر رسائی فراہم کرے گی۔‘‘