گاندربل (جموں کشمیر):وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع میں بھی وادی کے دیگر علاقوں کی طرح میدانی علاقوں میں بارشیں جب کہ بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی۔ بالائی علاقوں میں برفباری کے سبب جہاں سڑکوں پر برف جمع ہونے سے لوگوں کو عبور و مرور میں مشکلات درپیش ہیں وہیں حکام کی جانب سے برف باری کے فوراً بعد ہی سڑکوں پر سے برف ہٹانے کا کام شروع کیا گیا ہے۔
گاندربل ضلع کے بالائی علاقوں میں آٹھ انچ سے ایک فٹ تک کی برف ریکارڈ ہوئی ہے۔ برفباری کے سبب سونہ مرگ جانے والے راستے پر پھسلن کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد و رفت بھی متاثر ہوئی ہے۔ وہیں محکمہ ٹریفک کی جانب سے صرف اُن گاڑیوں کو سونہ مرگ جانے کی اجازت دی جا رہی ہے جن گاڑیوں کے ٹائر پر اینٹی سکیڈ چین لگی ہوئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایسے احکامات لوگوں اور سیاحوں کو آرام پہنچانے اور پھسلن کے سبب حادثات کو کم کرنے کے لیے جاری کیے گئے ہیں۔