اننت ناگ:جنوبی ضلع اننت ناگ کے گڈویل چک کے باشندوں کا کہنا ہے کہ ہم سڑک جیسی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ اس کی وجہ سے ہمیں بڑی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تاہم دہائیاں گزر جانے کے باوجود مقامی باشندوں کی مشکلات کا ازالہ ممکن نہیں ہو پایا۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ معمولی بارش کے دوران انہیں عبور و مرور میں کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کسی بھی ایمرجنسی کے دوران مریضوں کو ہسپتال لے جاتے وقت رابطہ سڑک کے فقدان کے باعث انہیں چارپائی پر اٹھا کر مین سڑک تک کاندھوں پر لے جانا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رابطہ سڑک نہ ہونے کی وجہ سے خراب موسم کے دوران نہ صرف اسکولی بچے بلکہ عام لوگ بھی گھروں میں ہی رہنے کو ترجیح دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی انہیں ضروری اشیاء کے لیے بازار کا رُخ کرنا ہوتا ہے تو لوگوں کو ضروری سامان سر پر یا گھوڑوں پر لانا پڑتا ہے۔ ہم نے انتظامیہ کی توجہ اس جانب مبذول کرانے کی کوشش کی لیکن انہوں نے رابطہ سڑک کی تعمیر کے سلسلے میں اب تک کوئی قدم نہیں اٹھایا۔