شوپیاں:جموں و کشمیر کے شوپیاں ضلع کے ڈپٹی کمشنر محمد شاہد سلیم ڈار نے آج ہیرپورہ علاقے کا دورہ کیا اور مغل روڈ پر جاری برف ہٹانے کے کام کا جائزہ لیا۔ اس موقعے پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمشنر ڈاکٹر ناصر احمد لون، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ذاکر حسین فاز، اور مکینیکل انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ (ایم ای ڈی) و پولیس کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے مغل روڈ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ شاہراہ شوپیاں کو پیر پنچال علاقے سے جوڑنے والی ایک اہم کڑی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ موسم صاف رہا تو برف ہٹانے کا کام کل تک پیر کی گلی تک مکمل کر لیا جائے گا۔
اس دورے کے دوران ڈی سی نے برف ہٹانے کے کام اور رفتار کا جائزہ لیا اور متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنی سرگرمیاں تیز کریں اور اضافی مشینری تعینات کریں تاکہ جلد از جلد آمد و رفت بحال کی جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر کا یہ دورہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے عوام کو سہولت فراہم کرنے اور موسم سرما میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے عزم کا مظہر ہے۔
مزید پڑھیں:پلوامہ کی 90 فیصد سڑکوں سے برف ہٹائی گئی، ٹریفک بحال