سرینگر: وادی کشمیر کا منگل کے روز ملک کے باقی حصوں کے ساتھ زمینی رابطہ منقطع رہا، تاہم ہوائی ٹریفک حسب معمول جاری رہا۔ٹریفک حکام کے مطابق وادی کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر – جموں قومی شاہراہ مرمتی کام کے پیش نظر منگل کے روز ٹریفک کی نقل و حرکت کے لئے بند رہی۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ کو بند رکھنے کا یہ فیصلہ کشتواڑی پتھر اور ڈھلواس کے مقامات پر روڈ کو چوڑا کرنے کے کام کے پیش نظر لیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ شاہراہ پر مذکورہ مقامات پر کام دن بھر زور و شور سے جاری رہا۔
ضلع مجسٹریٹ رامبن نے پیر کے روز 'ایکس' پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ 'حفاظتی پروٹوکال کے پیش نظر سرینگر- جموں قومی شاہراہ پر 6 فروری یعنی منگل کی صبح آٹھ بجے سے 7 فروری یعنی بدھ کی صبح آٹھ بجے تک کشتواڑی پتھر اور ڈھلواس کے مقامات پر شاہراہ کو چوڑا کرنے کے کاموں کے لئے ٹریفک کی نقل و حمل بند رہے گی'۔