جموں:جموں پولیس نے مطلوب ملزموں کے خلاف ایک انوکھی کارروائی شروع کی ہے۔ ان مطلوب ملزمان کو پکڑنے کے لیے جموں پولیس کی جانب سے ان کے گھروں کے باہر سمیت دیگر عوامی مقامات پر اعلانات کیے جا رہے ہیں جبکہ ملزمان کے پوسٹر بھی چسپاں کیے جا رہے ہیں۔ جموں پولیس کی جانب سے لوگوں سے اپیل کی جا رہی ہے کہ ان ملزمان کے متعلق کسی بھی جانکاری کو فوری طور پر پولیس تک پہنچائیں اور ان ملزمان کو پکڑنے میں پولیس کا تعاون دیگر ایک اچھے شہری کا ثبوت دیں۔
پولیس کے مطابق یہ مطلوب ملزمان اپنی گرفتاری سے طویل عرصہ سے بچ رہے ہیں، جس کی وجہ سے عدالت نے انہیں اشتہاری مجرم قرار دیا ہے۔ جموں پولیس ملزمان کے گھروں کے گرد ڈھول نگاڑے بجا کر عوام کو آگاہ کر رہی ہے۔ لوگوں سے درخواست کی جا رہی ہے کہ ’’اگر کسی کو اشتہاری مجرم کے ٹھکانے کے بارے میں کوئی معلومات ہو تو وہ فوری طور پر پولیس کو سونپ دیں، یا وہ اشتہاری مجرم خود کو پولیس کے سپرد کریں۔ بصورت دیگر قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ان کی جائیداد ضبط کر لی جائے گی۔‘‘