سرینگر (جموں کشمیر):ایک دلخراش واقعہ میں بھارتی فوج کی روڈ اوپننگ پارٹی (ROP) کا ایک فوجی ہفتہ کے روز سرینگر کے مضافاتی علاقہ راول پورہ میں حادثاتی طور پر اپنی سروس رائفل سے خارج ہونے والی گولی سے ہلاک ہو گیا۔ پولیس حکام کے مطابق، فوجی اہلکار کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب فوجی اہلکار روڈ اوپننگ ٹیم کے ساتھ معمول کی ڈیوٹی انجام دے رہا تھا۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق سروس رائفل سے غیر ارادی طور اچانک گولی خارج ہوئی، جس سے فوجی شدید زخمی ہو گیا۔ ایک سینئر پولیس افسر نے کہا: ’’فوجی کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاکر فوت ہو گیا۔‘‘ ادھر، پولیس ٹیمیں واقعے کے بعد فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ ایک پولیس افسر نے کہا، ’’ہم اس المناک واقعہ کی تفتیش کے لیے تمام ممکنہ زاویوں سے تحقیقات کر رہے ہیں۔‘‘ حادثہ میں فوت ہوئے فوجی کی شناخت ابھی تک جاری نہیں کی گئی ہے۔