سرینگر (نیوز ڈیسک) :جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ بدھ کو دارالحکومت دہلی پہنچ گئے ہیں اور وہ ممکنہ طور آج شام وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات کریں گے۔ وزیر اعلیٰ این ڈی اے حکومت کے کئی دیگر وزراء، لیڈران سے بھی ممکنہ طور ملاقات کریں گے۔ یونین ٹیریٹری جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے عمر عبداللہ کا یہ قومی دارالحکومت کا پہلا دورہ ہے۔
نیشنل کانفرنس (این سی) ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ وزیر داخلہ امیت شاہ اور وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرنے دہلی پہنچ چکے ہیں تاہم وزیر اعظم برکس کانفرنس کے سلسلے میں اس وقت روس میں ہیں اور آئندہ کل وہ دہلی واپس لوٹ رہے ہیں اور عمر عبداللہ ممکنہ طور پر آئندہ کل مودی سے ملاقات کریں گے۔ این سی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی سربراہی میں منعقد ہوئی حالیہ کابینہ میٹنگ کے دوران جموں کشمیر کا ریاستی درجہ بحال کرنے سے متعلق قرارداد پاس کی تھی۔