سرینگر (جموں کشمیر) :قائم مقام چیف جسٹس کو بھیجے گئے خط کے بعد جموں کشمیر اینڈ لداخ ہائی کورٹ، یونین ٹیریٹری لداخ میں زمین کے تجاوزات اور ماحولیاتی خطرات کے دعووں کی تحقیقات کرے گا۔ 23 جولائی کو قائم مقام چیف جسٹس تاشی ربستان اور جسٹس رجنیش اوسوال کی سربراہی میں ہائی کورٹ بنچ نے ایک مفاد عامہ کی عرضی (پی آئی ایل) کا مقدمہ رجسٹر کیا اور کرگل اور گاندربل کے ڈپٹی کمشنروں اور کشمیر کے ڈویژنل کمشنر سمیت مختلف علاقائی حکام سے جواب طلب کیے۔ اس کیس میں اگلی سماعت 28 اگست کو ہوگی۔
عدالت کی یہ کارروائی یکم جولائی کو لداخ آٹونومس ہل ڈیولپمنٹ کونسل (ایل اے ایچ ڈی سی) کے کونسلر عبد الواحد کی جانب سے دائر کی گئی عرضی کے بعد سامنے آئی ہے۔ عرضی ’’لداخ کے ماحولیات کو تحفظ فراہم کریں اور زمین کو تجاوزات سے بچائیں اور ضلع کرگل (یو ٹی لداخ) اور ضلع گاندربل (یوٹی جموں کشمیر) کے درمیان سرحدی تنازعہ کو حل کریں‘‘ کے عنوان سے دائر کی گئی تھی۔