سرینگر:سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوگوڑا بدھ کی شام دو روزہ دورے پر سری نگر پہنچے، جو گزشتہ 40 دنوں میں ان کا کشمیر کا دوسرا دورہ ہے۔قابل غور ہیکہ ان کی آمد جموں کشمیر میں حکومت کی تشکیل کے وقت ہوئی ہے۔
سری نگر ہوائی اڈے پر اترنے پر دیوے گوڑا کا استقبال سابق وزیر اعلیٰ اور این سی صدر فاروق عبداللہ نے کیا۔ ایک سینئر اہلکار کے مطابق سابق وزیر اعظم کے دورے کی بنیادی وجہ این سی کی انتخابی کامیابی پر ڈاکٹر فاروق کو ذاتی طور پر مبارکباد دینا تھا۔این سی نے 90 میں سے 42 اسمبلی سیٹیں جیت کر سب سے بڑی پارٹی کے طور پر اپنی پوزیشن مضبوط کی۔
دونوں لیڈروں نے بعد میں تاج ویونتا ہوٹل میں ملاقات کی، جہاں دیوے گوڑا ٹھہرے ہوئے ہیں۔ ان کی ملاقات دیر شام تک جاری رہی، حالانکہ ان کی بات چیت کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئیں۔ اگرچہ اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ دیوے گوڈا کا دورہ ڈاکٹر فاروق کو مبارکباد دینے کے لیے تھا، لیکن ان کے سفر کا بقیہ حصہ ابھی تک واضح نہیں ہے۔
حکام کا خیال ہے کہ سابق وزیر اعظم اپنے قیام کے دوران دیگر سیاسی شخصیات سے بھی مل سکتے ہیں۔