حیدرآباد: تلنگانہ کے میدچل میں ایک انجینئرنگ کالج کی طالبات نے جمعرات کو گرلز ہاسٹل کے باتھ روم میں ویڈیو ریکارڈنگ کا الزام لگایا۔ اس کے بعد انہوں نے احتجاج بھی کیا۔ طلباء نے الزام لگایا کہ باتھ روم میں خفیہ طور پر ویڈیو ریکارڈ کیا جا رہا تھا جس کے بعد کیمپس میں کشیدگی بڑھ گئی۔
احتجاج کرنے والی طالبات کے مطابق گزشتہ تین ماہ میں لڑکیوں کے باتھ روم میں 300 کے قریب نجی ویڈیوز ریکارڈ کی گئیں۔ انہیں واقعے میں ہاسٹل کے عملے کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ طالبات نے کالج انتظامیہ سے کارروائی کا مطالبہ کیا اور ہڑتال پر بیٹھ گئیں۔
کیس کی تفتیش جاری
طالبات نے جمعرات کی صبح زمین پر بیٹھ کر احتجاج کیا اور انصاف کے لئے نعرے لگائے۔ اس دوران معاملے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
بیٹیوں کی حفاظت کا مطالبہ
ایک طالبہ کے والدین کا کہنا تھا کہ "ہمیں گزشتہ رات ہماری بیٹی کا فون آیا، وہ رو رہی تھی، وہ ویڈیو کے بارے میں بات کر رہی تھی۔ ہم اپنی بیٹیوں کی حفاظت کا مطالبہ کر رہے ہیں، ہم اپنے بچوں کے ساتھ کچھ ہوتے نہیں دیکھ سکتے۔
پانچ ملازمین کے ملوث ہونے کا شبہ
اسسٹنٹ پولیس کمشنر سرینواس ریڈی نے میڈیا کو بتایا کہ لڑکیوں نے ہاسٹل کے باتھ روم میں پرائیویٹ ویڈیوز کی ریکارڈنگ پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا، "ہم نے ان کی شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا ہے۔ انہیں ہاسٹل کے پانچ عملے کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ ہم ٹوائلٹ کی کھڑکی پر پائے جانے والے فنگر پرنٹس کی تصدیق کر رہے ہیں۔،"
ریڈی نے مزید کہا، "ہم نے پہلے ہی پانچ مشتبہ افراد کے فون چیک کیے ہیں، لیکن کوئی ویڈیو نہیں ملا، تاہم، یہ جاننے کے لیے فون کو فرانزک لیب میں بھیج دیا گیا ہے کہ آیا کوئی ویڈیو ڈیلیٹ کی گئی تھی۔"