حیدرآباد (نیوز ڈیسک):لداخ کی اہم پارلیمانی نشست پر ووٹ شماری کے رجحانات کے مطابق آزاد امیدوار حاجی حنیفہ جان کی جیت کے امکانات واضح ہوگئے ہیں۔ ووٹ شماری کے پہلے راؤنڈ میں حاجی حنیفہ جان کو 49558ووٹ حاصل ہوئے ہیں اور وہ اپنے قریبی حریف کانگریس کے چھرینگ نمگیال سے 23559ووٹوں سے آگے ہیں۔ نمگیال کو ابھی تک 25999ووٹ ملے ہیں۔
بھاجپا کے امیدوار تاشی گیالسن 20412ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر چل رہے ہیں۔ گیالسن اس وقت لداخ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل لیہہ کے چیئرمین ہیں جنہیں پارٹی نے 2019 میں جیت درج کرنے والے نوجوان لیڈر جمیانگ چھرنگ نمگیال (جے ٹی این) کی جگہ امیوار نامزد کیا۔ اگرچہ جے ٹی این نے ابتدا میں پارٹی قیادت کے فیصلے کے خلاف علم بغاوت بلند کی تھی تاہم بعد میں انہوں نے گیالسن کی حمایت کا اعلان کیا اور انکے حق میں الیکشن مہم چلانے کا وعدہ کیا۔
کرگل کی سیاسی قیادت چاہتی تھی کہ انڈیا اتحاد کرگل سے تعلق رکھنے والے امیدوار کو پارٹی کا امیدوار نامزد کرے لیکن کانگریس نے ٹی نمگیال کو اپنا امیدوار نامزد کیا جس کی نیشنل کانفرنس نے بھی حمایت کی تاہم اس فیصلے کے خلاف نیشنل کانفرنس کی ساری قیادت کرگل میں فرنٹ ہوگئی اور انہوں نے پارٹی کے فیصلے کے ردعمل میں کرگل سے اپنا امیدوار نامزد کیا۔ حاجی حنیفہ جان کو کرگل کے سبھی مذہبی اداروں اور سیاسی گروپس کی حمایت حاصل ہوگئی۔