کوکرناگ:ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کی جانب سے اتوار کے روز کوکرناگ میں ورکرس کنونشن کا اہتمام عمل میں لایا گیا۔ اس موقع پر ڈی پی اے پی کے کئی سینیئر لیڈران موجود تھے، جبکہ کوکرناگ کے مختلف علاقوں سے سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے جلسے میں شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور امید جتائی کہ آنے والے انتخابات میں اسی طرح لوگ ڈی پی اے پی کو زمینی سطح پر مضبوط کریں گے۔ مقررین نے ورکران پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی کے منشور کو گھر گھر پہنچانے میں اپنا رول ادا کریں، تاکہ آنے والے پارلیمانی انتخابات میں پارٹی کی جیت کو یقینی بنایا جائے۔
اس دوران پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیر اعلی جموں کشمیر غلام نبی آزاد نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج تک جتنی بھی سرکار آئی کوکرناگ کے بیش قیمتی قدرتی خوبصورتی کو ہمیشہ نظر انداز کیا گیا،حالانکہ وادئے برنگ کے لوگوں کا دیرینہ خواب تھا کہ کوکرناگ کی قدرتی خوبصورتی کو سیاحتی نقشے پر لایا جائے، تاکہ یہاں کے پسماندہ اور بے روزگار نوجوانوں کے لئے روزگار کے وسائل پیدا ہو جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر یہاں کے لوگوں کا بھر پور ساتھ ملا تو ہم تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع کرینگے۔ اپنے خطاب کے دوران غلام نبی آزاد نے کہا کہ میں آج تک جن بھی عہدوں پر فائز رہا،میں نے ہمیشہ لوگوں کے لیے لڑائیاں لڑی ہیں۔ ڈی پی اے پی کے سرپرست کا کہنا تھا کہ جموں کشمیر کے جتنے بھی معاملات ہیں اُن کو حل کرنے کا میں نے عہد کیا ہے، چاہیے ریاست کی بات ہو یا دیگر چھوٹے بڑے مسائل ان کا ازالہ ہم تب کر سکتے ہیں، جب عوام ہمارا پورا ساتھ دے گی۔انہوں نے عوام سے گزارش ہے کہ ڈی پی اے پی کو اپنا بھر پور تعاون کرکے اپنے جموں کشمیر کا مستقبل روشن بنائے۔