بارہمولہ:شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نزدیک گلمرگ کے نگی، بوٹاپتھری علاقے میں عسکریت پسندوں نے فوجی گاڑی پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں دو فوجی اور دو سول پورٹرز ہلاک ہو گئے، حملہ میں تین دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ حملے کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
فوجی حکام کے مطابق 18 راشٹریہ رائفلز کی ایک گاڑی پر یہ حملہ کیا گیا جو بوٹاپتھری نامی علاقے سے گزر رہی تھی۔ ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا کہ حملے میں چار سے پانچ فوجی اور کچھ پورٹر زخمی ہوئے، تاہم بعد میں دو فوجی اور دو پورٹر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ زخمیوں میں تین فوجی اور ایک پورٹر شامل ہیں جن کا علاج اسپتال میں جاری ہے۔
مرنے والے پورٹرز کی شناخت نوشہرہ، بونیار علاقے کے مشتاق احمد چودھری اور برنیٹ بونیار کے ظہور احمد میر کے طور پر کی گئی ہے۔ دونوں پورٹرز ضلع بارہمولہ کے رہائشی ہیں۔ جبکہ ہلاک ہونے والے فوجیوں میں جیون سنگھ اور قیصر احمد شاہ شامل ہیں۔ ایک فوجی افسر نے حملہ کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا: ’’حملے کے دوران علاقے میں چھپے دہشتر گردوں نے فوجی گاڑی کو نشانہ بنایا اور یہ بھی کہا جا سکتا ہے کہ یہ حملہ دراندازی کی کوشش کا حصہ ہو سکتا ہے۔‘‘ اس عسکری حملے کے بعد اعلیٰ سیکیورٹی حکام بھی آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔