بارہمولہ:شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں حکام نے معروف سیاحتی مقام گلمرگ کے نزدیک ہوئے عسکری حملے کے بعد گنڈولہ کیبل کار (Gondola Rope Way) کو جمعہ کے روز احتیاطی طور معطل کر دیا ہے۔ گزشتہ شام ہوئے عسکری حملہ میں دو فوجیوں سمیت چار افراد کی ہلاکت ہوئی۔ ہلاک ہونے والوں میں دو مقامی آرمی پورٹرز بھی شامل ہیں۔
یہ حملہ معروف اسکی ریزارٹ (Ski Resort) گلمرگ سے چھ کلومیٹر دور فوجی کی ایک گاڑی پر کیا گیا جس کے بعد حملہ آور فرار ہو گئے۔ حملہ کے فوراً بعد علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کی گئی۔ حکام نے کہا: ’’گلمرگ کے بوٹا پاتھری سیکٹر میں ہوئے حملے کے بعد گنڈولہ کیبل کار پروجیکٹ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے جو کہ سیاحوں اور کیبل کار عملہ کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ایک احتیاطی اقدام ہے۔‘‘