اردو

urdu

ETV Bharat / jammu-and-kashmir

کشمیر میں غلام نبی آزاد کا انتخابی سفر - Lok Sabha Election 2024 - LOK SABHA ELECTION 2024

Ghulam Nabi Azad's Political Journey: غلام نبی آزاد کا کشمیر کی سیاست میں اہم مقام ہے۔ انہوں نے اپنے سیاسی کریئر کے دوران کئی اتار چڑھاؤ دیکھا۔ مشکل حالات سے گزرنے کے بعد آج غلام نبی آزاد بھارت کی سیاست میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔

کشمیر میں غلام نبی آزاد کا انتخابی سفر
کشمیر میں غلام نبی آزاد کا انتخابی سفر

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Apr 3, 2024, 3:50 PM IST

سرینگر: کانگریس کے سابق لیڈر اور ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کے چئرمین غلام نبی آزاد اننت ناگ۔راجوری پارلیمانی حلقے سے اپنی قسمت آزمائیں گے۔ اس نشست پر سات مئی کو انتخابات ہونے جارہے ہیں۔

آزاد کا مقابلہ نیشنل کانفرنس کے امیدوار میاں الطاف سے ہوگا جب کہ پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کے متعلق بھی خبریں گشت کر رہی ہیں کہ وہ اسی حلقے سے انتخابات لڑیں گی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے اس حلقے کے لیے اب تک اپنا امیدوار نامزد نہیں کیا۔

آزاد اگرچہ دہلی میں کانگرس کی سیاسی بساط پر عروج کو پہنچے تاہم جموں کشمیر میں ان کو انتخابی میدان میں شکست سے ہی ہمکنار ہونا پڑا۔ اب تک کے سیاسی سفر میں آزاد نے جموں و کشمیر میں تین الیکشن لڑے جس میں ان کو دو میں شکست کھانی پڑی۔

1977 میں آزاد نے ڈوڈہ ضلع کے اندروال اسمبلی حلقے سے الیکشن لڑے تھے جس میں انہیں محض 959 ووٹ ملے تھے۔ ان انتخابات میں آزاد کی ضمانت ضبط ہوگئی تھی۔ آزاد نے انتخابات کے بعد دہلی کا رخ کیا اور وہیں کانگرس پارٹی میں مختلف ذمہ داریوں پر کام کیا۔

2014 میں انہوں جموں کے ادھم پور نشت سے پارلیمانی انتخابات لڑے جس میں ان کو بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار ڈاکٹر جتندر سنگھ نے 60976 ووٹوں سے شکست دی تھی۔ سنہ 2005 میں انہوں ڈوڈہ سے ضمنی انتخابات لڑے تھے جس میں انہیں کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ اس وقت کانگرس اور پی ڈی پی کی مخلوط حکومت میں وزیر اعلی بنے۔

غلام نبی آزاد نے اگست 2022 میں کانگرس کے ساتھ 40 برس پرانا رشتہ توڑ کر استعفی دیا تھا اور ستمبر 2022 میں اپنی سیاسی جماعت ڈیموکرٹیک پروگریسو آزاد پارٹی تشکیل دی۔ اس پارٹی میں کانگرس کے چند سابق لیڈران شامل ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ون نیشن، ون الیکشن کمیٹی کا کام مکمل، حکومت اور الیکشن کمیشن اس پر حتمی فیصلہ لیں گے :غلام نبی آزاد

غلام نبی آزاد نے اپنا سیاسی سفر کانگرس کے ساتھ زمانۂ طالب علمی میں اپنے آبائی علاقے ڈوڈہ سے کیا تھا، جب اندرا گاندھی کانگرس کی قیادت کر رہی تھیں۔ آزاد نے دہلی میں ہی اپنا سیاسی رسوخ بنایا اور کانگرس کے جنرل سیکریٹری کے عہدے تک پہنچے۔ انہوں کانگرس کا ساتھ اقتدار تک ہی دیا اور بیشتر اوقات میں کانگرس کی جانب سے راجھیہ سبھا رکن رہے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details