سرینگر (جموں کشمیر):سرینگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پیر کو دوبارہ سے فلائٹ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ ڈائریکڑ ایئرپورٹ کے مطابق سرینگر میں موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام پروازیں اپنے طے شدہ شیڈول پر اڑان بھریں گیں۔ اتوار کو وادی کشمیر کے میدانی اور بالائی علاقوں میں ہوئی تازہ برفباری اور خراب موسم کے نتیجے میں سرینگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر شیڈول شدہ تمام پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
سرینگر ایئرپورٹ کے ڈائریکٹر جاوید انجم نے کہا کہ اتوار کی صبح لگاتار برفباری ہونے کی وجہ سے پروازوں کو لینڈنگ اور اڑان بھرنے میں مشکلات پیش آئیں جس کے چلتے تمام پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔ ایسے میں آج موسم کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے امید ہے کہ فلائٹ آپریشن بنا کسی خلل کے جاری رہے گا۔ گزشتہ کل کی برفباری سے زمینی ٹرانسپورٹ بھی متاثر ہوا ہے جبکہ ریل پٹری پر برف جمع ہونے کے باعث بانہال بارہمولہ ریل خدمات کو بھی احتیاطً معطل کرنا پڑا تھا۔ تاہم پیر کو ریل خدمات کو پھر سے بحال کیا گیا ہے۔