ضلع پونچھ میں تلاشی مہم جاری (ETV Bharat) پونچھ (جموں و کشمیر): لوک سبھا انتخابات کے درمیان پونچھ میں سکیورٹی فورسز کی طرف سے فلیگ مارچ اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ لوک سبھا انتخابات کو پرامن طریقے سے کرانے کے لیے پولیس انتظامیہ نے ایس ایس پی پونچھ یوگل منہاس کی قیادت میں سکیورٹی تعینات کر دی ہے۔ پونچھ پولیس کی ٹیم نے ضلع پونچھ میں مختلف مقامات پر فلیگ مارچ بھی کیا۔
فلیگ مارچ کے دوران سیکورٹی اہلکاروں نے لوگوں سے بلا خوف ووٹ ڈالنے کی اپیل کی۔ پولیس کے مطابق ضلعی پولیس کی ایس او جی ٹیم اور پیرا ملٹری فورس نے ضلع کے مختلف مقامات پر مل کر فلیگ مارچ کیا تاکہ یہاں پر لوگ بغیر کسی خوف و ہراس کے پرامن طریقے سے ووٹ ڈال سکیں۔
اس فلیگ مارچ میں ڈسٹرکٹ پولیس، سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے علاوہ بھارتی فوج کے جوان بھی شامل رہے۔ پولیس کا مقصد آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد ہے جس کے لیے فلیگ مارچ کے ذریعے لوگوں کو آگاہ کیا جا رہا ہے کی وہ کسی بھی طرح کا ڈر خوف اپنے دل میں نہ رکھیں اور ووٹنگ میں حصہ لیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کی ٹیمیں الیکشن کرانے کے لیے تیار ہیں، جس کے لیے مختلف مقامات پر ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ اگر سماج دشمن عناصر جیسے کہ منشیات، غیر قانونی شراب یا غیر قانونی اسلحہ رکھتا پایا گیا تو اس کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔ پولیس ٹیم نے عوام سے اپیل کی کہ آنے والی 25 مئی کو اپنے اپنے گھروں سے نکل کر ووٹ دیں۔
یہ بھی پڑھیں: